صومالیہ کے اعلیٰ سطح کے وفد نے وزیر دفاع احمد معلم فقی کی قیادت میں جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اہم ملاقات ہوئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فریقین نے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ملٹری ٹو ملٹری تعلقات کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق صومالی وزیر دفاع نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاک فوج کے پیشہ ورانہ کردار اور پاکستان کے تعاون کو سراہا۔
ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے صومالی سیکیورٹی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان صومالیہ میں پائیدار امن اور استحکام کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔

















