آج پاکستان بھر میں اقلیتوں کا قومی دن منایا جارہا ہے اس دن کا مقصد ملک میں اقلیتی برادری کے حقوق کا تحفظ اور قومی ترقی میں ان کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔
یہ دن قائداعظم محمد علی جناح کی 11 اگست 1947 کو آئین ساز اسمبلی میں کی گئی تاریخی تقریر کی نشاندہی کرتا ہے جس میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی کی ضمانت دی گئی تھی۔
قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر کسی شہری کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہوگا، یہاں بلا تفریق ہر ایک کو برابر حقوق حاصل ہیں اور ہر شہری آزاد ہے۔
اقلیتی برادری نے تحریک پاکستان میں کلیدی کردار کیا اور قیام پاکستان سے اب تک، تعمیر وطن میں اپنا بھر پور حصہ ڈال رہی ہے اقلیتی برادری پاکستان کے دفاع میں بھی پیش پیش رہی جنہوں نے وطنِ عزیز کی حفاظت کی خاطر اپنی جانیں نچھاور کیں۔
پاکستان کی مسلح افواج میں بھی اقلیتی برادری کی بڑی تعداد ملکی دفاع کا فریضہ سر انجام دے رہی ہے پاکستان میں اقلیتوں کا مثبت کردار اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں مذہبی، لسانی اور صنفی امتیاز سے بالاتر ہو کر فیصلے کئے جاتے ہیں۔
آج کا دن در حقیقت تجدید عہد کا دن ہے کہ اقلیتی برادری اپنے مثالی اتحاد کو بر قرار رکھتے ہوئے بلا امتیاز ملکی ترقی کے لیے کردار ادا کررہی ہے۔
















