اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک بھر کے کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز کا گزشتہ تین سال کا آزادانہ تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے امور سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز اور ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے واضح کیا کہ کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کی گنجائش نہیں، جبکہ بے ضابطگی یا غیر قانونی سرگرمی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر کے کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز کی فزیکل اسٹاک ویریفکیشن بھی کرائی جائے گی۔ اس کے علاوہ ویئر ہاؤسز کی لائسنسنگ اور سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ کسٹمز ویئر ہاؤسز میں پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق کارگو کی نگرانی وی-باک (WeBOC) سسٹم سے منسلک ہے، جبکہ بانڈڈ تجارت ملک کی مجموعی درآمدات کا تقریباً 16.5 فیصد ہے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز کی ویلیوایشن ٹیسٹنگ کرائی جائے گی جبکہ متعلقہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سسٹمز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
بریفنگ کے مطابق کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز میں بے ضابطگیوں کے خاتمے اور نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر پیٹرولیم ڈویژن علی پرویز ملک، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، رکن قومی اسمبلی عثمان اویسی، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔















