بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 10 اگست 2026 کو پنجگور میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا گیا جس میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 5 دہشتگرد انجام تک پہنچ گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائی کا مقصد بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والی پراکسیز کا خاتمہ اور علاقے میں پائیدار امن کا قیام ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور آئی ای ڈیز برآمد کیں جنہیں موقع پر ہی ناکارہ بنا دیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن کے بعد علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری سے جاری عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے آپریشنز مزید تیز کیے جائیں گے۔















