پاکستان کے 79 ویں یوم آزادی پر مسلح افواج نے پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قوم کو مبارکباد دی، نیول چیف اور ایئرچیف نے بھی قوم کومبارکباد دی، مسلح افواج نے قائداعظم محمد علی جناحؒ، تحریک پاکستان کے بانی رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ تحر یک پاکستان کے بانی رہنماؤں کی قربانیوں نے آزادی کے خواب کو خودمختار پاکستان کی حقیقت میں بدل دیا، ان کا وژن، حوصلہ اور عزم آج بھی قوم کے لیے مشعل راہ ہے، یہ ہمیں پاکستان کے اصولوں اور نظریات کے تحفظ کی ترغیب دیتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ مسلح افواج اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں، سابق فوجیوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، عزم و بہادری سے آزادی، سلامتی اور قومی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے عزم کا اعادہ کیا، مسلح افواج ہر خطرے کے خلاف مادر وطن کا دفاع اور آئین کی پاسداری کریں گی، عوام کی سونپی مقدس ذمہ داری پوری دیانت داری سے نبھائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج امن، استحکام اور قومی ترقی کے لیے کردار ادا کرتی رہیں گی، پاکستان کی اصل طاقت اس کے عوام کے اتحاد اور اجتماعی عزم میں مضمر ہے، یوم آزادی پر ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں سے عہد کی تجدید کریں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا مزید کہنا ہے کہ قومی یکجہتی، رواداری اور خوشحال کے لیے پاکستان کے لیے مل کر کام کریں، مسلح افواج زندہ باد، پاکستان ہمیشہ پائندہ باد۔


















