اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات، دوطرفہ تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ناروے کے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور ناروے کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے تعاون کو سراہتے ہوئے دوطرفہ تجارت کے فروغ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے ناروے کی کمپنیوں کو پاکستان میں تیل اور گیس کی تلاش اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کررہا ہے۔
شہباز شریف نے فلسطین کے معاملے پر ناروے کے اصولی مؤقف کو سراہا اور خلیجی خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت پر ناروے کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اس موقع پر ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور ناروے کے وزیراعظم جوناس گہر اسٹور کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ناروے کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔ ناروے کے وزیر خارجہ نے اپنے ملک میں مقیم پاکستانی برادری کے مثبت کردار کی بھی تعریف کی۔
ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے ناروے کے وزیراعظم جوناس گہر اسٹور کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔


















