پاکستان بھر میں 79 واں یومِ آزادی آج قومی جوش و جذبے اور ملی یکجہتی کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز نمازِ فجر کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔
اسلام آباد میں 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ توپوں کی سلامی کے موقع پر اسلام آباد کی فضا تکبیر کے نعروں سے گونج اٹھی۔
کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، گلگت بلتستان اور مظفرآباد میں بھی پاک فوج کے دستوں کی جانب سے یومِ آزادی کی مناسبت سے توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔
مزارِ قائد پر تبدیلیِ گارڈز کی پروقار تقریب
یومِ آزادی کے موقع پر کراچی میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر تبدیلیِ گارڈز کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جہاں پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
روایتی طور پر ہر سال 14 اگست کو پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس مزارِ قائد پر اعزازی گارڈز کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ اعزازی گارڈ میں پاک بحریہ کے سیلرز اور پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس شامل ہیں۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر نے مزارِ قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی مزارِ قائد پر حاضری دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان دفاعی اعتبار سے ناقابلِ تسخیر ہو چکا ہے اور مسلح افواج نے ملک کے دفاع کے لیے بھرپور صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان ووٹ کی طاقت سے وجود میں آیا اور صوبہ سندھ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے قیامِ پاکستان کی جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا۔
مسلح افواج کے سربراہان کی قوم کو مبارکباد
دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف نیول اسٹاف اور چیف آف ایئر اسٹاف نے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی ہے۔
مسلح افواج کے سربراہان نے مادرِ وطن کے دفاع اور پاکستان کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان ملک کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج قوم کے ساتھ مل کر ملک میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گی۔ بانیانِ پاکستان کے نظریات اور اصول آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور انہی اصولوں کی روشنی میں پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی جانب آگے بڑھایا جائے گا۔

















