Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان نے بھارتی وزیر داخلہ کے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا

بھارت اپنے داخلی سیکیورٹی چیلنجز سے توجہ ہٹانے اور محدود سیاسی مفادات کے حصول کے لیے پاکستان کو موردِ الزام ٹھہرا رہا ہے، ترجمان

پاکستان نے بھارتی وزیر داخلہ کی جانب سے پاکستان پر عائد کیے گئے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بھارت کی پاکستان کے خلاف جاری بدنیتی پر مبنی مہم کا ایک اور مظہر قرار دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی کے مطابق بھارتی وزیر داخلہ نے بھارت میں ہونے والی بعض گرفتاریوں کو پاکستان سے جوڑنے کی کوشش کی جو بے بنیاد اور قابلِ مذمت ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت اپنے داخلی سیکیورٹی چیلنجز سے توجہ ہٹانے اور محدود سیاسی مفادات کے حصول کے لیے پاکستان کو موردِ الزام ٹھہرا رہا ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت اندرونِ ملک ایک جابرانہ ریاست کی صورت اختیار کر چکا ہے، جہاں اقلیتوں کو مبینہ طور پر بے رحمی سے دبایا جاتا ہے اور اختلافِ رائے کو خاموش کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

ترجمان نے الزام عائد کیا کہ بھارت بیرونِ ملک دہشت گردی برآمد کرنے اور دہشت گرد عناصر کی معاونت میں ملوث ہے، جبکہ ٹارگٹ کلنگ اور تخریبی سرگرمیوں میں بھی اس کا کردار رہا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی حکومت کے بے بنیاد الزامات عالمی برادری کی توجہ ریاستی سرپرستی میں ہونے والی مبینہ دہشت گردی سے نہیں ہٹا سکتے۔ پاکستان متعدد مواقع پر بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی اور عدم استحکام کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے شواہد عالمی برادری کے سامنے رکھ چکا ہے۔

ترجمان نے بھارتی کمانڈر کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اور سزا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان میں بھارتی تخریب کاری اور دہشت گردی میں براہِ راست ملوث ہونے کا ناقابلِ تردید ثبوت ہے۔

پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرے اور خطے میں بھارت کو ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کی مبینہ سرگرمیوں پر جوابدہ ٹھہرائے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اپنے خلاف عائد بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتا ہے اور عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ خطے میں امن و سلامتی کو درپیش حقیقی خطرات کا مؤثر نوٹس لے۔

متعلقہ خبریں