Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹرمپ کی حمایت کا خیرمقدم؛ خطے کے دفاع و سلامتی کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے، وزیراعظم

مکہ دفاعی معاہدے کی حمایت پر وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ٹرمپ سے اظہار تشکر کیا ہے

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مکہ دفاعی معاہدے کی حمایت پر اظہار تشکر کیا ہے۔

وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان برادر ممالک سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مل کر اپنے ممالک اور پورے خطے کے دفاع اور سلامتی کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔

شہباز شریف نے امریکی صدر کی جرات مندانہ قیادت کو بھی سراہا اور کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت کے باعث جنوبی ایشیا اور کروڑوں زندگیاں ایٹمی تباہی سے محفوظ رہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پائیدار امن خطے کے عوام کے بہتر اور محفوظ مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان ہونے والے مکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے کے لیے اہم اور جرات مندانہ اقدام قرار دیا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان نے حال ہی میں دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں جو مشرق وسطیٰ کے ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اتحاد اور تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے نتیجے میں تینوں ممالک اپنے دفاع کو مزید مؤثر بنانے کے قابل ہوں گے اور ایک دوسرے کو دفاعی معاملات میں زیادہ مؤثر انداز میں تعاون فراہم کر سکیں گے۔

ٹرمپ نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کی قیادت کو معاہدے پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے خطے کے دفاعی تعاون کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

متعلقہ خبریں