Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم سے نواز شریف کی اہم ملاقات؛ سیاسی و قانونی حکمت عملی پر غور

ملاقات میں آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے انتخاب کے حوالے سے بھی مختلف نام زیر غور آئے

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات تقریباً دو گھنٹے جاری رہی جس میں ملکی سیاسی صورتحال، قانونی معاملات اور آزاد کشمیر کی حکومت سے متعلق امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے ایجنڈے میں سپریم کورٹ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کرنے کے فیصلے کا معاملہ سرفہرست رہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل اسپتال کے بجائے پمز میں طبی معائنہ کرانے کی وجوہات سے بھی آگاہ کیا۔

ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں آئندہ کی حکمت عملی اور مختلف قانونی آپشنز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کی جانے والی توہینِ عدالت کی درخواست اور اس کے ممکنہ قانونی جواب پر بھی مشاورت ہوئی۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستان مزید کسی سیاسی یا آئینی بحران کا متحمل نہیں ہوسکتا، اس لیے تمام معاملات کو سیاسی اور آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے آگے بڑھانا ضروری ہے۔

ملاقات میں آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے انتخاب کے حوالے سے بھی مختلف نام زیر غور آئے اور اس معاملے پر مشاورت کی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں شریک تھیں جہاں ملکی سیاسی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

متعلقہ خبریں