Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسلام آباد کے پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی، 14 نومولود جاں بحق

پمز اسپتال کی نرسری میں آگ صبح تقریباً 6 بج کر 45 منٹ پر لگی۔

اسلام آباد کے پمز اسپتال کی ایم سی ایچ وارڈ کی نرسری میں صبح سویرے آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود جاں بحق ہوگئے جب کہ ایک بچے کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق پمز اسپتال کی نرسری میں آگ صبح تقریباً 6 بج کر 45 منٹ پر لگی جس کے بعد فائر بریگیڈ اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔

ذرائع کے مطابق آتشزدگی کے بعد نرسری میں کولنگ کا عمل جاری رہا جب کہ امدادی کارروائیوں میں فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں اور 4 ایمبولینسز نے حصہ لیا۔

دوسری جانب اسپتال انتظامیہ نے دعویٰ کیا کہ واقعے کے وقت نرسری میں مجموعی طور پر 16 نومولود موجود تھے جن میں سے صرف ایک بچے کو بچایا جاسکا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق آگ پمز اسپتال کی میٹرنٹی اینڈ چائلڈ ہیلتھ (ایم سی ایچ) وارڈ کی تیسری منزل پر واقع نرسری میں لگی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ امدادی اداروں کو طلب کرلیا گیا۔

آتشزدگی کی تحقیقات کیلئے 8 رکنی کمیٹی قائم

ضلعی انتظامیہ نے سانحے کی مکمل تحقیقات کے لئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کی سربراہی میں 8 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

کمیٹی میں کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کے ڈائریکٹر جنرل، ایس پی سٹی، اسسٹنٹ کمشنر آئی نائن اور ڈائریکٹر جنرل سی ڈی اے سمیت دیگر متعلقہ افسران شامل ہیں۔

آئیسکو اور پمز اسپتال کے حکام کو بھی تحقیقاتی کمیٹی کا حصہ بنایا گیا ہے جو آتشزدگی کی وجوہات، حفاظتی انتظامات اور واقعے سے متعلق دیگر پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔

انتظامیہ کے مطابق انکوائری کمیٹی کو اپنی تحقیقات مکمل کرکے 24 گھنٹے کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں