Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آزاد کشمیر کو نیا وزیراعظم مل گیا، ن لیگ کے افتخار گیلانی کامیاب

بیرسٹر افتخار گیلانی اس سے قبل آزاد کشمیر کے وزیر تعلیم کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں

مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر کے 17 ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں وزیراعظم کے انتخاب کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں بیرسٹر افتخار گیلانی نے 30 ووٹ حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کی، جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار مختار خان کو 14 ووٹ ملے۔

آزاد کشمیر اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے 32 اراکین موجود ہیں، جبکہ مزید 7 نشستوں پر انتخابات کا عمل ابھی مکمل ہونا باقی ہے۔

بیرسٹر افتخار گیلانی اس سے قبل آزاد کشمیر کے وزیر تعلیم کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔ وہ پہلی مرتبہ 2011 میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔

موجودہ اسمبلی میں بیرسٹر افتخار گیلانی ٹیکنو کریٹ کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر کامیاب ہوکر ایوان کا حصہ بنے۔

بیرسٹر افتخار گیلانی کی وزارت عظمیٰ کے لیے نامزدگی کی منظوری مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے اہم مشاورتی اجلاس میں دی گئی تھی۔

حکومت سازی کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں رانا ثناء اللہ، خواجہ سعد رفیق، شاہ غلام قادر اور راجا فاروق حیدر شریک ہوئے تھے۔ اجلاس میں نومنتخب اسپیکر چوہدری طارق فاروق، ڈپٹی اسپیکر احمد رضا قادری اور دیگر اعلیٰ قیادت بھی موجود تھی، جہاں بیرسٹر افتخار گیلانی کے نام پر مکمل اتفاق رائے کیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں