Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ایس ایل 11، افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز سرخرو، حیدرآباد کنگس مین کو 69 رنز سے شکست

کفایت شعاری مہم کے تحت ایونٹ کے تمام میچز بند دروازوں کے پیچھے کھیلے جائیں گے

پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑے میلے پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کا شاندار آغاز ہو گیا، جہاں افتتاحی میچ میں حیدرآباد کنگس مین اور لاہور قلندرز آمنے سامنے تھے۔

پی ایس ایل 11 کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے نئی فرنچائز حیدرآباد کنگس مین کو 69 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کر دیا۔

لاہور قلندرز کے 199 رنز کے جواب میں حیدرآباد کنگس مین کی ٹیم مقررہ 20 ویں اوور کی آخری گیند پر 130 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

صائم ایوب 17، عثمان خان 9، مارنس لیبوشین 26، حسان خان 14، حماد اعظم اور رلی میریڈتھ 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے عبید شاہ، سکندر رضا اور حارث رؤف نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل حیدرآباد کنگس مین کے خلاف لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے، لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔

قلندرز کی جانب سے فخر زمان نے شاندار نصف سنچری اسکور کی اور 53 رنز بنائے ان کی اننگ میں 10 چوکے شامل تھے، محمد نعیم نے 30 رنز بنائے۔

حسیب اللہ 40 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ سکندر رضا نے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔

حیدرآباد کنگس مین کی جانب سے رلی میریڈتھ  اور حسان خان نے 2،2 وکٹیں لیں۔

لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے میچ کے موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی اسٹیڈیم میں موجود رہے، جس سے ایونٹ کی اہمیت اور جوش و خروش مزید بڑھ گیا۔

اس بار لیگ میں ایک بڑی تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے، جہاں پہلی مرتبہ آٹھ ٹیمیں میدان میں اتری ہیں اور سب کی نظریں نئی متعارف کرائی گئی ٹرافی ’انفینیٹی‘ پر جمی ہوئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے کفایت شعاری پالیسی کے تحت ٹورنامنٹ کے شیڈول میں بھی ردوبدل کیا ہے، جس کے باعث میچز کو محدود شہروں تک رکھا گیا ہے۔

رواں سیزن میں کُل 44 میچز شیڈول ہیں، جن میں سے 22 میچز کراچی جبکہ 22 ہی مقابلے لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

ایونٹ کا بڑا ٹاکرا یعنی فائنل 3 مئی کو ایک بار پھر قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا، جہاں نئی چیمپئن ٹیم کا فیصلہ ہوگا۔