Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پہلا ون ڈے؛ آسٹریلیا 200 رنز پر ڈھیر، عرفان منہاس کی ڈیبیو میچ میں 5 وکٹیں

اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

راولپنڈی: پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان کے خلاف 200 رنز پر ڈھیر ہوگئی ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی میں کھیلا جارہا ہے جس میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

آسٹریلیا کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 44.1 اوورز میں 200 رنز پر ڈھیر ہوگئی، میٹ رینشا 61 اور میتھیو شارٹ نے 55 رنز کی نمایاں اننگز کھیلیں۔

 

میتھیو کوہنیمن 24، ایلکس کیری 19، جوش انگلس 13، نتھن ایلس 8 اور اولیور پیک 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ مارنس لبوشین اور کمیرون گرین صفر رن پر ہی پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے ڈبیو کرنے والے عرفات منہاس نے 5 کھلاڑیوں کا شکار کیا جب کہ ابرار احمد کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔ شاہین آفریدی، حارث رؤف اور سلمان آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ ون ڈے ڈیبیو پر 5 وکٹیں حاصل کرنے والے عرفات منہاس پہلے پاکستانی بن گئے ہیں، انہوں نے 10 اوورز میں 32 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

 

عرفات منہاس نے 42 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے، پاکستان کی طرف سے ڈیبیو میں بہترین بولنگ کا ریکارڈ ذاکر خان کے پاس تھا جب کہ ذاکر خان نے 1984 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ڈیبیو میں 19 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم آج آسٹریلیا کے خلاف اپنا 1000 واں ون ڈے میچ کھیل رہی ہے جب کہ اس کے ساتھ ہی پاکستان ٹیم ایک ہزار ون ڈے میچز کھیلنے والی تیسری ٹیم بھی بن گئی ہے۔

متعلقہ خبریں