Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شہر سے آخری آلائش کے اٹھنے تک آپریشن جاری رہے گا؛ طارق علی نظامانی

آپریشن کے دوران موصول ہونے والی 90 فیصد سے زائد عوامی شکایات کا ازالہ کیا جاچکا ہے، طارق علی نظامانی

کراچی: سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر طارق علی نظامانی نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ صفائی آپریشن کے لیے مرتب کی گئی جامع منصوبہ بندی اور مؤثر حکمت عملی کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں جب کہ شکایتی نظام نے شہریوں کے مسائل کے فوری حل اور صفائی آپریشن کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ عیدالاضحی آپریشن کے دوران مجموعی طور پر تقریباً ایک لاکھ 64 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں، کچرا اور قربانی کے جانوروں باقیات کو لینڈ فل سائٹ اور جی ٹی ایس شرافی منتقل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں صفائی آپریشن پوری رفتار سے جاری ہے اور کراچی سے آخری آلائش اٹھائے جانے تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران موصول ہونے والی 90 فیصد سے زائد عوامی شکایات کا ازالہ کیا جاچکا ہے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی ہیلپ لائن 1128 اضافی عملے کے ساتھ چوبیس گھنٹے فعال رہی جب کہ کمشنر کراچی آفس میں قائم ریسکیو 1129 کنٹرول روم میں بھی بورڈ کے عملے کو تعینات کیا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ علاوہ ازیں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ہیڈ آفس میں نے بھی شہر بھر سے موصول ہونے والی شکایات کے اندراج، نگرانی اور فوری ازالے کے لیے مسلسل خدمات انجام دیں۔

طارق علی نظامانی کہتے ہیں کہ شکایتی مراکز، فیلڈ ٹیموں، مانیٹرنگ عملے اور صفائی ورکرز کی مربوط کاوشوں نے عیدالاضحیٰ کے دوران شہر میں صفائی کی صورتحال کو برقرار رکھنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم وہی کررہے ہیں جو ہم نے شہریوں سے وعدہ کیا تھا۔ آپریشن کی کامیابی مؤثر منصوبہ بندی اور شہریوں کے بھرپور تعاون کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ عیدالاضحیٰ صفائی آپریشن کی کامیاب تکمیل اور کراچی کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔

متعلقہ خبریں