فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے اختتام پر اسپین کی تاریخی فتح کے بعد جشن کے بجائے میدان میں کشیدگی دیکھنے میں آئی جہاں آخری سیٹی بجتے ہی دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آپس میں الجھ پڑے۔
اضافی وقت میں فیران ٹوریس کے فیصلہ کن گول کی بدولت اسپین نے ارجنٹینا کو ایک صفر سے شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تاہم میچ ختم ہوتے ہی دونوں ٹیموں کے درمیان تلخ کلامی نے کشیدہ صورتحال اختیار کر لی۔
رپورٹس کے مطابق ارجنٹینا کے لیاندرو پاریڈیس اور اسپین کے ایرک گارشیا کے درمیان پہلے سخت جملوں کا تبادلہ ہوا جو دیکھتے ہی دیکھتے دھکم پیل میں تبدیل ہوگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق پاریڈیس نے گارشیا کو دھکا دیا جس کے نتیجے میں وہ میدان پر گر گئے۔
واقعے کے فوراً بعد دونوں ٹیموں کے دیگر کھلاڑی، متبادل کھلاڑی اور کوچنگ اسٹاف بھی میدان میں پہنچ گئے جس سے چند لمحوں کے لیے شدید ہنگامہ آرائی اور دھکم پیل کا ماحول پیدا ہوگیا۔ بعد ازاں میچ آفیشلز اور دونوں ٹیموں کے ارکان نے مداخلت کر کے صورتحال پر قابو پا لیا۔
View this post on Instagram
فائنل کے دوران بھی مقابلہ خاصا سخت رہا۔ ارجنٹینا کے مڈفیلڈر اینزو فرنانڈیز کو مقررہ وقت کے اختتامی لمحات میں خطرناک فاؤل پر ریڈ کارڈ دکھایا گیا جس کے باعث ٹیم نے میچ کے آخری حصے میں دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل مکمل کیا جبکہ ارجنٹینا کے متعدد کھلاڑیوں کو یلو کارڈز بھی دکھائے گئے۔
ہنگامے کے باوجود کھیل کا مثبت پہلو بھی سامنے آیا، اسپین کے کئی کھلاڑی لیونل میسی کے پاس گئے ان سے مصافحہ کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ بعد ازاں دونوں ٹیموں کے کوچز، لیونل اسکالونی اور لوئس ڈی لا فوئنٹے نے میدان کے وسط میں ایک دوسرے کو گلے لگا کر کھیل کے اعلیٰ جذبے کا مظاہرہ کیا۔
میچ کے بعد ارجنٹینا کے کوچ لیونل اسکالونی نے شکست کو خندہ پیشانی سے قبول کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی میں عاجزی اور ناکامی میں وقار ہی اصل کھیل کی روح ہے۔ ٹیم نے بھرپور کوشش کی اور اب اس شکست سے سبق سیکھ کر مزید مضبوط انداز میں واپسی کی جائے گی۔
ورلڈ کپ کا یہ فائنل جہاں اسپین کی تاریخی کامیابی کے باعث یاد رکھا جائے گا وہیں آخری سیٹی کے بعد میدان میں پیش آنے والے ہنگامے نے بھی شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی۔



















