سونی کے آئندہ گیمنگ کنسول پلے اسٹیشن 6 سے متعلق ایک نئی دستاویز سامنے آئی ہے جس میں موجودہ پلے اسٹیشن 5 کے مقابلے میں زیادہ جدید کولنگ نظام استعمال کرنے کا اشارہ دیا گیا ہے تاہم کمپنی نے تاحال اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جون 2026 میں جمع کرائی گئی ایک دستاویز میں ایسے نئے حرارت منتقل کرنے والے نظام کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں جو کنسول کے اندر پیدا ہونے والی گرمی کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے خارج کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس کی بدولت کنسول کو سیدھا یا لیٹا کر رکھنے کی صورت میں بھی یکساں انداز میں ٹھنڈا رکھا جاسکے گا جس سے بہتر کارکردگی حاصل ہونے کی توقع ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دستاویز میں پلے اسٹیشن 5 کی تصاویر استعمال کی گئی ہیں تاکہ نئے کنسول کی اصل شکل ظاہر نہ ہو۔
ماہرین کے مطابق بہتر کولنگ نظام سونی کو زیادہ طاقتور ہارڈویئر استعمال کرنے میں مدد دے سکتا ہے جب کہ درجہ حرارت بھی قابو میں رہے گا۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ صرف ایک پیٹنٹ دستاویز ہے اور ضروری نہیں کہ اس میں شامل تمام تجاویز حتمی مصنوعات کا حصہ بنیں کیونکہ ٹیکنالوجی کمپنیاں اکثر ایسے کئی منصوبے رجسٹر کراتی ہیں جو بعد میں تجارتی طور پر متعارف نہیں کرائے جاتے۔
دوسری جانب رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ پلے اسٹیشن 6 کو صرف ڈیجیٹل گیمنگ کے لیے متعارف کرایا جاسکتا ہے اور اس میں گیم ڈسک استعمال کرنے کی سہولت موجود نہ ہو۔
اطلاعات کے مطابق سونی 2028 کے آغاز میں گیم ڈسکس کی تیاری بند کرنے پر غور کررہی ہے جس کے باعث مستقبل میں مکمل طور پر ڈیجیٹل گیمنگ کی جانب پیش رفت کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔




















