چین نے زمین کے قریب سے گزرنے والی ایک خلائی چٹان کا مطالعہ کرنے اور مستقبل میں ایسے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت جانچنے کے لیے نیا خلائی مشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
چینی حکام کے مطابق اس مشن کے دوران ایک خلائی جہاز کو جان بوجھ کر اس خلائی چٹان سے ٹکرایا جائے گا تاکہ سائنس دان یہ جان سکیں کہ اس طریقے سے اس کی سمت میں کس حد تک تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ چین کے خلائی پروگرام کا حصہ ہے جس کے ذریعے زمین کو مستقبل میں ممکنہ خلائی خطرات سے محفوظ رکھنے کی تیاریوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ جس خلائی چٹان کا انتخاب کیا گیا ہے وہ اس وقت زمین کے لیے کسی قسم کا خطرہ نہیں تاہم اس پر ہونے والی تحقیق مستقبل میں کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
یہ مشن دنیا کے دیگر خلائی اداروں کی جانب سے کیے جانے والے اسی نوعیت کے منصوبوں کا تسلسل ہے جس سے زمین کو ممکنہ خلائی خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے عالمی سائنسی تحقیق کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔




















