موبائل فون بنانے والی کمپنی ٹیکنو نے اپنے نئے بارڈر لیس تصوراتی موبائل کی جھلک پیش کردی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس موبائل میں صفر ملی میٹر بارڈر والی اسکرین دی گئی ہے جس کی باقاعدہ نمائش ستمبر میں جرمنی کے شہر برلن میں ہونے والی عالمی ٹیکنالوجی نمائش میں کی جائے گی۔
کمپنی کے مطابق نئے تصوراتی موبائل میں صفر ملی میٹر بارڈر والی اسکرین استعمال کی گئی ہے جس کے باعث اسکرین ایک سرے سے دوسرے سرے تک پھیلی ہوئی دکھائی دیتی ہے اور صارف کو زیادہ بہتر اور بھرپور دیکھنے کا تجربہ فراہم کرتی ہے۔
ٹیکنو کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی موبائل کے اندرونی ڈھانچے میں جدت، اسکرین کی نئی پیکنگ تکنیک اور ساخت میں تبدیلیوں کے ذریعے حاصل کی گئی ہے تاہم ان طریقوں کی مزید تکنیکی تفصیلات ابھی جاری نہیں کی گئیں۔
کمپنی نے بتایا کہ نئے تصوراتی موبائل کے بارے میں مزید معلومات برلن میں ہونے والی نمائش کے دوران سامنے لائی جائیں گی۔
ٹیکنو نے اپنے نئے تصوراتی موبائل کی تصاویر بھی جاری کی ہیں جن میں اس کا موازنہ ایک معروف کمپنی کے جدید موبائل سے کیا گیا ہے۔ تصاویر میں دونوں موبائلز کی اسکرین کے گرد موجود بارڈر کا فرق واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔
البتہ اس تصوراتی موبائل میں سامنے والے کیمرے کے لیے اسکرین میں چھوٹا سا گول سوراخ برقرار رکھا گیا ہے۔
کمپنی نے عندیہ دیا ہے کہ مستقبل میں صفر ملی میٹر بارڈر والی یہ ٹیکنالوجی اس کے آنے والے موبائل فونز میں بھی متعارف کرائی جاسکتی ہے جس سے ان کی ظاہری ساخت مزید منفرد ہوجائے گی۔




















