اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں گوگل آفس کا افتتاح کردیا ہے۔
تقریب میں گوگل کے نائب صدر ولسن ایل وائٹ، امریکی ناظم الامور اور وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ بھی موجود تھیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے گوگل کے نائب صدر ولسن ایل وائٹ اور ان کی ٹیم کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کیا۔
وزیراعظم نے گوگل کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گوگل کے لیے ایک اہم اور خوبصورت نئے سفر کا آغاز ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ گوگل کے لیے پاکستان میں بے پناہ مواقع موجود ہیں جب کہ کمپنی پاکستان میں نوجوانوں اور ٹیکنالوجی کے شعبے کے لیے اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور گوگل کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
گوگل کے نائب صدر ولسن ایل وائٹ نے وزیراعظم شہباز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گوگل پاکستان کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری کا خواہاں ہے۔
ولسن ایل وائٹ نے کہا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔




















