Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

الیکٹرک گاڑی تیز رفتاری سے چلانے کا بڑا نقصان سامنے آگیا

تحقیق کے مطابق کم رفتار پر بار بار تیز رفتاری اختیار کرنا اور اچانک رفتار کم کرنا بیٹری پر اضافی دباؤ ڈالتا ہے۔

نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ الیکٹرک گاڑی کو تیز رفتاری سے چلانے سے بیٹری کی عمر تیزی سے کم ہوسکتی ہے۔

تحقیق کے مطابق محتاط انداز میں گاڑی چلانے کے مقابلے میں انتہائی جارحانہ ڈرائیونگ سے بیٹری کی عمر میں کمی تقریباً ڈھائی گنا زیادہ ہوسکتی ہے۔

چین کی شنگھائی دیان جی یونیورسٹی کے محققین نے گوانگ ژو میں 15 الیکٹرک گاڑیوں کے ایک سال کے حقیقی سفری اعداد و شمار کا تجزیہ کیا۔

یہ گاڑیاں شہری، مضافاتی اور شاہراہوں پر چلائی گئیں جب کہ گاڑیوں کے استعمال سے متعلق معلومات ہر 10 سیکنڈ بعد ریکارڈ کی گئیں۔

محققین نے رفتار، بیٹری سے حاصل ہونے والی برقی رو، چارج کی موجودہ حالت، برقی دباؤ اور درجہ حرارت سمیت مختلف عوامل کا جائزہ لیا۔

اس معلومات کی بنیاد پر ڈرائیونگ کے انداز کو پانچ اقسام میں تقسیم کیا گیا جن میں سب سے ہموار انداز کو ماحول دوست ڈرائیونگ قرار دیا گیا جب کہ سب سے سخت انداز میں بیٹری سے بہت زیادہ برقی رو حاصل کی گئی۔

تحقیق کے مطابق کم رفتار پر بار بار تیز رفتاری اختیار کرنا اور اچانک رفتار کم کرنا بیٹری پر اضافی دباؤ ڈالتا ہے جس سے اس کی عمر تیزی سے متاثر ہوسکتی ہے۔

محققین نے بیٹری کی ابتدائی چارج حالت، درجہ حرارت اور گاڑی کے رکنے کے دورانیے جیسے عوامل کو الگ کرکے ڈرائیونگ کے انداز کے اثرات کا جائزہ لیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ انتہائی تیز رفتاری ڈرائیونگ سے بیٹری پر فوری عمر رسیدگی کا دباؤ ماحول دوست انداز کے مقابلے میں 18.4 گنا زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔

تحقیق میں اندازہ لگایا گیا کہ ایک ہزار بار چارج اور استعمال کے سائیکل کے بعد ہموار انداز میں گاڑی چلانے والی بیٹری اپنی زیادہ سے زیادہ گنجائش کا 21.15 فیصد کھوسکتی ہے۔

اس کے مقابلے میں انتہائی تیز رفتاری میں گاڑی چلانے والی بیٹری کی گنجائش میں کمی 53.22 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔

محققین کے مطابق دونوں انداز میں گاڑیوں کی اوسط رفتار تقریباً یکساں تھی تاہم تیز رفتار انداز میں گاڑی چلانے پر بیٹری سے حاصل کی جانے والی اوسط برقی رو ماحول دوست انداز کے مقابلے میں تین گنا سے زیادہ تھی۔

تحقیق کے مطابق اگر دیگر تمام حالات یکساں رہیں اور صرف ڈرائیونگ کا انداز جارحانہ سے ماحول دوست کیا جائے تو بیٹری پر قلیل مدتی دباؤ میں 91.3 فیصد تک کمی آسکتی ہے۔

محققین نے واضح کیا کہ ایک ہزار چارج کے سائیکل کے نتائج حقیقی طویل المدتی مشاہدے کے بجائے ماڈل کی پیش گوئی پر مبنی ہیں تاہم مختلف تجزیوں کے نتائج اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ محتاط ڈرائیونگ بیٹری کی عمر بڑھانے میں مدد دے سکتی ہے۔