اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور جھکڑ کے ساتھ مزید بارش برسائے گا۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر
اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔
اسکردو، ہنزہ، گلگت، استور، دیامر، گھانچے، نگر، غزر، خرمنگ، شگر، مظفرآباد، باغ، راولاکوٹ، حویلی، پونچھ، کوٹلی، میرپور، بھمبر اور وادی نیلم میں بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا
خیبر پختونخوا کے بالائی اور جنوبی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی کا امکان ہے۔
چترال، دیر، سوات، کالام، منگورہ، بٹگرام، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں اور لکی مروت میں آندھی اور جھکڑ کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پنجاب اور اسلام آباد
اسلام آباد سمیت خطہ پوٹھوہار میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ مری، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، گوجرخان، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین اور لاہور میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
خوشاب، سرگودھا، جھنگ، فیصل آباد، قصور، اوکاڑہ، بہاولپور، بورے والا، ملتان، ڈیرہ اسماعیل خان، نارووال، چنیوٹ، ننکانہ صاحب، پاکپتن اور ساہیوال میں بھی بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان
بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، پشین، چمن، کوہلو، ڈکی اور ہرنائی میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران بارش متوقع ہے۔
ممکنہ خطرات اور احتیاطی تدابیر
این ڈی ایم اے کے مطابق ملک بھر میں تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچاسکتی ہیں۔ بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہوجائیں گی جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
پہاڑی علاقوں میں برفباری سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوسکتی ہے۔ مسلسل بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑی احتیاط سے چلائیں اور موسمی ہدایات پر عمل کریں۔ تیز ہوا اور طوفان کے دوران درختوں، کمزور تعمیرات اور تنصیبات سے دور رہیں۔
سیاح اور مسافر شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔ عوام این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ ’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘ سے بروقت معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
















