Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

11 اور 12 جولائی کو بارشوں کا الرٹ جاری، سیاحوں اور شہریوں کو احتیاط کی ہدایت

پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی اور ایبٹ آباد میں اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ موجود ہے۔

پشاور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 11 اور 12 جولائی کو خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 11 اور 12 جولائی کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ چترال، سوات، دیر، شانگلہ، مانسہرہ اور کوہستان میں موسلادھار بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جب کہ مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے بعض علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال (فلیش فلڈ) پیدا ہوسکتی ہے۔

ادارے نے بتایا کہ پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی اور ایبٹ آباد میں اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ موجود ہے جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور تمام ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور مکانات، بجلی کے کھمبوں، درختوں اور فصلوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے جب کہ تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ریسکیو ٹیموں، بھاری مشینری اور ایمرجنسی سروسز کو مکمل الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جاسکے۔

پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، دریاؤں، ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ بارش کے دوران کمزور عمارتوں، بجلی کے کھلے تاروں اور برساتی نالوں سے دور رہیں۔

ادارے نے کاشتکاروں اور مویشی پال حضرات کو بھی اپنی فصلوں اور جانوروں کی حفاظت کے لیے پیش گی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا تھا کہ ادارے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر 24 گھنٹے فعال ہے جب کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔