کراچی: اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ نے گلوبل لائیویبلٹی انڈیکس 2026 جاری کردیا جس میں کراچی کو دنیا کے کم قابلِ رہائش شہروں میں چوتھے نمبر پر رکھا گیا ہے۔
173 شہروں کی فہرست میں کراچی 170 ویں نمبر پر رہا جب کہ اس سے نیچے صرف ڈھاکا، طرابلس اور دمشق موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کراچی کا مجموعی اسکور 43 پوائنٹس رہا جس کے باعث شہر عالمی معیارِ زندگی کی درجہ بندی میں بدستور نچلے درجوں میں شامل رہا۔
رپورٹ میں استحکام کے شعبے میں کراچی کو صرف 20 پوائنٹس دیے گئے جب کہ صحت کے شعبے میں شہر نے 54 پوائنٹس حاصل کیے۔ تعلیم کے شعبے میں کراچی کا اسکور 75 پوائنٹس رہا جو دیگر شعبوں کے مقابلے میں بہتر قرار دیا گیا۔
ثقافت اور ماحولیات کے شعبے میں کراچی کو 36 پوائنٹس ملے جب کہ انفراسٹرکچر کے شعبے میں شہر نے 52 پوائنٹس حاصل کیے۔ رپورٹ کے مطابق ثقافت اور ماحولیات کے حوالے سے کراچی دنیا کے بدترین شہروں میں شمار ہوا۔
گلوبل لائیویبلٹی انڈیکس 2026 کے مطابق 173 شہروں میں کراچی کے بعد بنگلادیش کا دارالحکومت ڈھاکا 171 ویں، لیبیا کا شہر طرابلس 172 ویں اور شام کا دارالحکومت دمشق 173 ویں یعنی آخری نمبر پر رہا۔
رپورٹ میں ایران کا دارالحکومت تہران، زمبابوے کا ہرارے، یوکرین کا کیف، نائجیریا کا لاگوس اور الجزائر کا دارالحکومت الجزائر بھی دنیا کے کم قابلِ رہائش شہروں کی فہرست میں شامل ہیں۔
اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ کی رپورٹ کے مطابق امن و امان، بنیادی ڈھانچے، صحت، تعلیم، ثقافت اور ماحولیات جیسے شعبوں میں درپیش مسائل کے باعث کراچی عالمی معیارِ زندگی کی درجہ بندی میں ایک بار پھر نچلے درجوں میں جگہ بنانے والا شہر قرار پایا۔















