اسلام آباد: بحیرۂ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں مسلسل ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ آج شام سے ان ہواؤں کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ایک مغربی لہر ملک کے بالائی علاقوں پر موجود ہے، آج کشمیر، خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، اسلام آباد اور شمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگر بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ آج شام اور رات کے دوران چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج اور کل ہونے والی موسلا دھار بارشوں کے باعث بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
اسی طرح اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پانی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید آگاہ کیا کہ آندھی، تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور تعمیرات، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز کو نقصان پہنچ سکتا ہے لہٰذا شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔



















