مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے جنسی جرائم کے مجرم جیفری ایپسٹن سے تعلقات کے معاملے پر معافی مانگ لی ہے۔
بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے ترجمان نے غیر ملکی خبر ایجنسی کو بتایا کہ گیٹس نے ملازمین کے ساتھ ٹاؤن ہال اجلاس میں سوالات کے جواب دیتے ہوئے اپنے اقدامات پر ذمہ داری تسلیم کی۔
ترجمان کے مطابق انہوں نے واضح انداز میں گفتگو کی اور مختلف سوالات کے تفصیلی جوابات دیے۔
ادھر وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ گیٹس نے ایپسٹین سے تعلقات پر عملے سے معافی مانگی ہے۔ گیٹس نے کہا کہ ایپسٹین کے ساتھ وقت گزارنا ایک بڑی غلطی تھی اور انہوں نے اس پر افسوس ظاہر کیا۔
مزید پڑھیں: جیفری ایپسٹین فائلز جاری، شدید سنسرنگ پر ٹرمپ انتظامیہ تنقید کی زد میں
واضح رہے کہ امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے جاری کردہ دستاویزات میں دونوں کی متعدد ملاقاتوں کا ذکر بھی شامل ہے۔ گیٹس نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی ملاقاتیں خیراتی امور تک محدود تھیں اور انہوں نے کسی غیرقانونی سرگرمی میں حصہ نہیں لیا۔
فاؤنڈیشن نے واضح کیا ہے کہ ایپسٹین کو نہ تو کوئی ادائیگی کی گئی اور نہ ہی اسے کبھی ملازم رکھا گیا۔ ترجمان کے مطابق ادارے کا مؤقف وہی ہے جو ٹاؤن ہال میں گیٹس نے بیان کیا، اور اس سے زیادہ کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔

















