تہران: ایران کے صدارتی دفتر نے واضح کیا ہے کہ انصاف، وقار اور دانشمندی کی بنیاد پر مذاکرات کا دروازہ اب بھی کھلا ہے۔
ایرانی صدارتی دفتر کی جانب سے جاری بیان میں ملکی قیادت کے اندر اختلافات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایران کی قیادت میں مکمل ہم آہنگی اور اتحاد پایا جاتا ہے۔
ترجمان مہدی طباطبائی نے امریکی قیادت کا نام لیے بغیر کہا کہ مخالفین سیاسی پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بے بنیاد الزامات لگانے کے بجائے وعدہ خلافی، دباؤ اور فریب کاری جیسے اقدامات کو ترک کرنا چاہیے جبکہ ایران اب بھی باوقار اور منصفانہ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اپنے بیان میں کہا کہ ناکہ بندی، دھمکیاں اور وعدہ خلافی جیسے عوامل حقیقی مذاکرات کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران ماضی میں بھی مذاکرات اور معاہدوں کا حامی رہا ہے اور آئندہ بھی مثبت پیش رفت کا خواہاں ہے تاہم عالمی برادری بیانات اور عملی اقدامات میں تضاد کو بخوبی دیکھ رہی ہے۔




















