Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حج 2026، سعودی وزیر داخلہ کا مقدس مقامات پر خدمات کا جامع فیلڈ معائنہ

حکام کے مطابق یہ تمام اقدامات قیادت کی ہدایات کے مطابق کیے جا رہے ہیں

سعودی عرب کے وزیر داخلہ اور سپریم حج کمیٹی کے چیئرمین پرنس عبدالعزیز بن سعود بن نائف السعود نے مقدس مقامات پر جاری ترقیاتی منصوبوں، صحت کی سہولیات اور عازمین حج کے انتظام سے متعلق تیاریوں کا تفصیلی فیلڈ معائنہ کیا ہے جس کا مقصد حج 2026 کے لیے مکمل آپریشنل تیاری کو یقینی بنانا ہے۔

وزیر داخلہ نے منیٰ میں قائم ایمرجنسی ہسپتال 2 کا دورہ کیا جہاں حاجیوں کو فراہم کی جانے والی طبی، ہنگامی اور صحت خدمات کا جائزہ لیا گیا۔ انہیں بریفنگ دی گئی کہ ہسپتال کی صلاحیت کو 100 فیصد تک بڑھانے کے منصوبے زیرِ غور ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔

دورے کے دوران طبی ٹیموں، ایمرجنسی رسپانڈرز اور معاون عملے کے درمیان رابطہ کاری جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور فوری ردعمل کے نظام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

مزدلفہ میں انہوں نے مسار المشاعر منصوبے کے تحت فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا جس کا مقصد حاجیوں کو گرمی اور بھیڑ کے دباؤ سے بچاتے ہوئے بہتر نقل و حرکت اور آرام دہ ماحول فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر سایہ دار جگہوں، سبزہ زاروں، پانی کے اسٹیشنز اور ہجوم کنٹرول نظام کا بھی جائزہ لیا گیا۔

بعد ازاں عرفات میں وزیر داخلہ نے مسجد نمرہ اور جبل عرفات کے اطراف سیکیورٹی ہجوم کے بہاؤ اور انتظامی حکمتِ عملیوں کا معائنہ کیا جہاں بڑے پیمانے پر حاجیوں کی آمد کے دوران حفاظت اور سہولت کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔

حکام کے مطابق یہ تمام اقدامات قیادت کی ہدایات کے مطابق کیے جا رہے ہیں تاکہ حج کے دوران عبادت گزاروں کو محفوظ، منظم اور بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں، جبکہ تمام متعلقہ ادارے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں