بیجنگ: چینی وزارت خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی پر تمام فریقین سے جنگ بندی کی مکمل پاسداری کرنے اور تنازعات کو پرامن اور سفارتی طریقوں سے حل کرنے پر زور دیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے بات چیت ہی واحد مؤثر راستہ ہے، مشرق وسطیٰ کے تمام تنازعات کو جنگ کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے تمام فریقین کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذاکرات کی راہ اختیار کرنی چاہیے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایران جنگ کے آغاز سے ہی چین تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کے چار اصولوں کے تحت چین خلیجی خطے میں امن کی بحالی کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا اور ایران کے جوہری معاملے کے پرامن حل کے لیے بھی مثبت کوششیں جاری رہیں گی۔
چینی وزارت خارجہ نے امید ظاہر کی کہ تمام متعلقہ فریقین موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مذاکرات کے ذریعے ایسا حل نکالیں گے جس میں سب کے جائز تحفظات کو مدنظر رکھا جائے۔
ترجمان کے مطابق چین عالمی سطح پر جوہری عدم پھیلاؤ کے نظام کے تحفظ اور خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔


















