Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ابراہم معاہدے کی توسیع کا معاملہ، ترکیہ نے فلسطینی ریاست کے قیام کو بنیادی شرط قرار دے دیا

جب تک فلسطینی مسئلہ منصفانہ طور پر حل نہیں ہوتا خطے میں مکمل استحکام ممکن نہیں، ترک وزیر خارجہ

انقرہ: ترکیہ نے ابراہم معاہدے کی ممکنہ توسیع سے متعلق مؤقف واضح کرتے ہوئے فلسطینی ریاست کے قیام کو بنیادی شرط قرار دے دیا ہے۔

یہ مؤقف ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان کی جانب سے خطے میں امن و استحکام سے متعلق بیان کے دوران سامنے آیا ہے۔

وزیر خارجہ حاقان فیدان نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کا حل مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک فلسطینی مسئلہ منصفانہ طور پر حل نہیں ہوتا خطے میں مکمل استحکام ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر اسرائیل 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرتا ہے تو اسے علاقائی اتحاد میں شامل ہونے کا راستہ مل سکتا ہے۔

ترک وزیر خارجہ نے ایک نئے علاقائی پلیٹ فارم کی تجویز بھی پیش کی ہے جس میں پاکستان، سعودی عرب، مصر اور خلیجی ممالک شامل ہوں گے۔ ان کے مطابق یہ فورم خطے میں مشترکہ سلامتی اور تعاون کے لیے اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

حاقان فیدان نے مزید کہا کہ حالات معمول پر آنے کی صورت میں ایران بھی اس مجوزہ علاقائی پلیٹ فارم کا حصہ بن سکتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ خطے کے تمام ممالک کو ایک دوسرے کی خودمختاری اور سلامتی کا احترام کرنا چاہیے تاکہ دیرپا امن قائم ہوسکے۔

متعلقہ خبریں