اسرائیل کی جانب سے ایران پر فضائی حملوں کے بعد دارالحکومت تہران سمیت متعدد ایرانی شہروں میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں جس کے باعث خطے میں کشیدگی مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔
غیر ملکی اور مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق تہران، تبریز، اصفہان اور کرج میں یکے بعد دیگرے دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں جس کے بعد شہری علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ متعدد افراد نے محفوظ مقامات کا رخ کیا۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ مغربی اور وسطی ایران میں ایرانی حکومت سے وابستہ فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ یہ کارروائی ایران کی جانب سے کیے گئے حالیہ میزائل حملوں کے جواب میں کی گئی۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران نے اسرائیل کی جانب متعدد میزائل فائر کیے جنہیں فضائی دفاعی نظام کے ذریعے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ میزائل حملوں کے خدشے کے پیش نظر حیفا اور شمالی اسرائیل کے دیگر علاقوں میں خطرے کے سائرن بھی بجا دیے گئے ہیں جبکہ ملک بھر میں سیکیورٹی الرٹ برقرار ہے۔
دوسری جانب ایران کے مغربی حصے کی فضائی حدود غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔ علاقائی صورتحال کے پیش نظر پڑوسی ممالک نے بھی احتیاطی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
عراقی سول ایوی ایشن حکام کے مطابق عراق نے عارضی طور پر اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں جبکہ شام نے جنوبی فضائی حدود 12 گھنٹوں کے لیے بند کرنے کے ساتھ دمشق ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن معطل کر دیا ہے۔
یہ کارروائی اسرائیل کی جانب سے بیروت کے جنوبی مضافات میں کیے گئے حملے کے بعد سامنے آئی ہے جس کے نتیجے میں جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں تاہم اسرائیلی کارروائی کے بعد ایرانی حکام نے ردعمل کی وارننگ دی تھی۔




















