Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے پر دستخط جی 7 اجلاس کے موقع پر متوقع

جی سیون ممالک کا سربراہ اجلاس فرانس کے شہر ایویان میں 15 جون سے 17 جون کے درمیان منعقد ہورہا ہے

ایرانی وزارت خارجہ کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے پر دستخط جی سیون اجلاس کی سائیڈ لائن پر متوقع ہیں۔

ایرانی میڈیا اور بعض سفارتی ذرائع کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی رابطوں میں پیش رفت کا امکان ہے تاہم کسی ممکنہ معاہدے یا اس پر دستخط کی تاریخ کے حوالے سے دونوں ممالک کی جانب سے باضابطہ طور پر کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی۔

ذرائع کے مطابق بعض سفارتی حلقوں میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ اگر مذاکراتی عمل مثبت سمت میں آگے بڑھتا رہا تو آئندہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان کسی مفاہمت یا پیش رفت کا اعلان کیا جا سکتا ہے تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔

رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکا اور ایران کے اعلیٰ حکام مختلف سفارتی چینلز کے ذریعے رابطے میں ہیں جبکہ ممکنہ ملاقاتوں اور مذاکرات کے مقامات کے بارے میں مختلف اطلاعات گردش کررہی ہیں۔

دوسری جانب 15 سے 17 جون تک ہونے والے جی سیون اجلاس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال، علاقائی سلامتی اور ایران سے متعلق امور اہم موضوعات میں شامل ہونے کا امکان ہے۔ عالمی رہنما خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، توانائی کی سلامتی اور سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔

واضح رہے کہ جی سیون گروپ میں کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، برطانیہ اور امریکا شامل ہیں جبکہ اجلاس میں متعدد عالمی اور علاقائی امور پر بھی غور کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں