جمعہ کو متوقع ایران امریکا امن معاہدے پر دستخط سے قبل ہی امریکا نے ایران کی سمندری ناکہ بندی ختم کردی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی خام تیل لے جانے والا تیسرا ٹینکر امریکی بحری نگرانی کے دائرے سے نکل گیا ہے۔
تیل بردار جہازوں کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ ”ٹینکرز ٹریکرز“ نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ نیشنل ایرانی ٹینکر کمپنی (این آئی ٹی سی) کے کم از کم دو وی ایل سی سی (بہت بڑے خام تیل بردار) سپر ٹینکرز، ڈیونا اور ہیرو 2، پہلے ہی امریکی بحری نگرانی کے دائرے سے باہر جا چکے ہیں، ان دونوں جہازوں میں مجموعی طور پر تقریباً 38 لاکھ بیرل ایرانی خام تیل موجود ہے۔
ویب سائٹ نے مزید بتایا کہ نیشنل ایرانی ٹینکر کمپنی کا ایک تیسرا ٹینکر بھی اسی نوعیت کی نگرانی کی حد عبور کر چکا ہے جس میں تقریباً 10 لاکھ بیرل خام تیل موجود ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران امریکی بحریہ کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں کی طرف آنے جانے والے جہازوں کی نگرانی اور روک تھام کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں تاہم حالیہ پیش رفت کے بعد صورتحال میں تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔



















