جنوبی امریکی ملک پیرو نے شدید موسمی خطرے کے پیش نظر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے 22 علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے، جبکہ حکام نے آنے والے دنوں کو انتہائی خطرناک قرار دے دیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق حکومت نے 60 روز کے لیے ملک کے تقریباً 800 اضلاع میں ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے۔ یہ اقدام ال نینو موسمیاتی اثرات کے تحت متوقع شدید بارشوں کے خدشے کے باعث اٹھایا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پیرو کے 22 علاقوں اور دارالحکومت کی آئینی صوبہ کالاؤ سمیت بڑے حصوں میں تیز اور مسلسل بارشوں کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ موسمی صورتحال 2027 کے موسم گرما تک برقرار رہ سکتی ہے۔
حکومتی حکم نامے کے مطابق بارشوں کی شدت کہیں معتدل تو کہیں شدید ہو سکتی ہے، جس سے سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
ایمرجنسی کے دوران مقامی و علاقائی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر ریسکیو اور حفاظتی اقدامات کو تیز کریں، جبکہ قومی ادارہ برائے شہری دفاع کی نگرانی میں تمام آپریشنز جاری رہیں گے۔
حکام کے مطابق وزارتیں بھی اس عمل میں شامل ہوں گی اور خطرات کم کرنے، ہنگامی ردعمل اور بحالی کے اقدامات مسلسل جاری رکھے جائیں گے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر بارشوں کی شدت بڑھی تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔



















