Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکی حملوں کے بعد ایران کا جوابی وار؛ بحرین اور کویت پر میزائل داغ دیے

کارروائی معاہدے کی خلاف ورزی کے جواب میں پہلا ردعمل ہے، ایرانی پاسداران انقلاب

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی حملوں کے جواب میں بحرین اور کویت میں متعدد اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق بحرین اور کویت میں امریکی فوجی اڈوں سمیت 85 مقامات پر میزائل حملے کیے گئے۔

آئی آر جی سی کا کہنا ہے کہ بحرین میں امریکی ففتھ فلیٹ کے ہیڈکوارٹر اور کویت میں علی السالم ایئربیس کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

ایران کے حملوں کے بعد کویت اور بحرین میں سائزن بج اٹھے۔ کویتی حکام نے آگاہ کیا کہ شہری حفاظتی اور سیکیورٹی ہدایات پر عمل کریں۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے الزام عائد کیا کہ امریکا نے حملے کرکے اسلام آباد میمورنڈم کی خلاف ورزی کی، یہ کارروائی معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی کے جواب میں پہلا ردِعمل ہے۔

آئی آر جی سی کے مطابق امریکا نے حملے شہید رہبرِ اعلیٰ کی تعزیتی تقریبات سے توجہ ہٹانے کے لیے کیے۔

پاسدارانِ انقلاب نے مزید دعویٰ کیا کہ ایرانی فضائی دفاع نے ایک امریکی ایم کیو-9 ڈرون مار گرایا جو بوشہر کے علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔

ایران کسی بھی قسم کے دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا

اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی حملے اور ایران کی تیل کی برآمدات پر پابندیاں مفاہمتی یادداشت کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھونس، دباؤ اور بھتہ خوری کا دور ختم ہو چکا ہے اور ایران کسی بھی قسم کے دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا۔

باقر قالیباف نے مزید کہا کہ لبنان میں اسرائیلی حملے بھی مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔

امریکا کا ایران پر بڑا حملہ

امریکا نے آبنائے ہرمز میں تین آئل ٹینکروں پر حملوں کے بعد ایران کے خلاف ایک بار پھر بڑے پیمانے پر فضائی کارروائیاں شروع کردی ہیں جبکہ ایرانی تیل کی فروخت پر دی گئی عارضی رعایت بھی واپس لے لی ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق منگل کو ایران میں 80 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کا مقصد ایران کو بھاری قیمت چکانے پر مجبور کرنا اور اس کی سمندری حملوں کی صلاحیت کو کمزور کرنا تھا۔

امریکی فوج کا کہنا ہے کہ حملوں میں پاسداران انقلاب کے 60 سے زائد چھوٹے جنگی بحری جہاز، فضائی دفاعی نظام، ساحلی نگرانی کے مراکز، زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل، اینٹی شپ کروز میزائل اور ڈرون لانچنگ سائٹس کو نشانہ بنایا گیا۔

متعلقہ خبریں