Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکا کے ایران پر مسلسل چھٹے روز بھی فضائی حملے، متعدد شہر دھماکوں سے گونج اُٹھے

بوشہر، بندرعباس، قشم، اہواز، بندر خمیر، کہورستان اور ایرانشہر میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں

امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی مزید شدت اختیار کر گئی ہے تاہم امریکی فوج نے مسلسل چھٹے روز بھی ایران کے مختلف شہروں میں فضائی حملے کیے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق تازہ کارروائیوں کا مقصد ایران کی عسکری صلاحیتوں کو مزید محدود کرنا اور اس کے فوجی ڈھانچے کو نقصان پہنچانا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بوشہر، بندرعباس، قشم، اہواز، بندر خمیر، کہورستان اور ایرانشہر میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ ایرانشہر ایئرپورٹ پر میزائل حملے کے بعد دھویں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔

ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بندرعباس سے شیراز جانے والے اہم رابطہ پل کو بھی نشانہ بنایا گیا جبکہ بندر خورستان میں دریائے شور پر قائم پل حملے کے نتیجے میں تباہ ہو گیا۔ حملے کے وقت پل پر شہری گاڑیاں موجود تھیں جس کے باعث جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے تاہم یہ پل جنوبی ساحلی علاقوں کو ملک کے اندرونی حصوں سے ملاتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بندرعباس میں ریلوے اسٹیشن اور کمیونیکیشن ٹاور بھی حملوں کی زد میں آئے جس کے بعد بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ قشم جزیرے کے ماسان گاؤں کے قریب بھی متعدد دھماکے سنے گئے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق مختلف امریکی حملوں میں کم از کم سات شہری جاں بحق ہوئے ہیں۔

دوسری جانب عرب میڈیا کے مطابق کویت میں بھی متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جن کی گونج عراق کے شہر بصرہ تک محسوس کی گئی۔

متعلقہ خبریں