Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران کو آبنائے ہرمز پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے، امریکی وزیر خارجہ

مارکو روبیو نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت کے لیے انتہائی اہم راستہ ہے

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا ایران کو آبنائے ہرمز پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دے گا جبکہ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف امریکی حکمت عملی، امیگریشن نظام اور انتہا پسندی کے خطرات پر بھی اظہار خیال کیا۔

واشنگٹن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ امریکا کی انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی بڑی حد تک کامیاب رہی ہے۔ ان کے مطابق داعش کے عروج کے دور کے مقابلے میں امریکا میں دہشت گرد حملوں میں تقریباً دو تہائی کمی آئی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے تاہم خبردار کیا کہ دہشت گردی کا خطرہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا اور یہ بدستور موجود رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک امریکا اپنے امیگریشن نظام کو مزید بہتر نہیں بناتا، خطرات برقرار رہیں گے۔

مارکو روبیو نے انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی میں ایک کمزوری کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ بائیں بازو سے منسوب انتہا پسندانہ تشدد کو اکثر نظر انداز کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں اس قسم کے تشدد کو اس انداز میں پیش کیا گیا جیسے اس پر تنقید کرنا بھی درست نہ ہو تاہم ہر قسم کے انتہا پسندانہ تشدد کو سنجیدگی سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔

ایرانی پالیسی پر بات کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت کے لیے انتہائی اہم راستہ ہے اور امریکا اس پر کسی بھی ملک کے قبضے کو قبول نہیں کرے گا۔

متعلقہ خبریں