Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکی خلاف ورزیوں کے بعد ایران نے اسلام آباد ایم او یو پر عملدرآمد معطل کردیا

موجودہ صورتحال میں ایران کی اولین ترجیح ملک کا دفاع ہے، کاظم غریب آبادی

تہران: ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزیوں کے باعث ایران نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے تحت اپنی تمام ذمہ داریوں پر عملدرآمد معطل کردیا ہے اور اس وقت ملک کے دفاع پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا کہ امریکا نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت اپنی تمام ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان پر عملدرآمد معطل کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی اقدامات کے ردعمل میں ایران نے بھی معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریوں اور اس پر عملدرآمد کو فی الحال معطل کردیا ہے۔

کاظم غریب آبادی کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں ایران کی اولین ترجیح ملک کا دفاع ہے، اسی لیے حکومت اپنی توجہ دفاعی اقدامات اور قومی سلامتی پر مرکوز کیے ہوئے ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایرانی حکام کئی مرتبہ امریکا پر اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرچکے ہیں جب کہ ایران بار بار یہ کہتا رہا ہے کہ اگر جارحیت جاری رہی تو ہم بھی اپنے مؤقف پر نظرثانی کریں گے۔

متعلقہ خبریں