Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکی صدر کے دستخط کی کوئی حیثیت نہیں، وہ بے معنیٰ ہیں، امریکی خلاف ورزیوں پر ایرانی سپریم لیڈر کا بیان

امریکا نے مسلسل معاہدے کی خلاف ورزیاں کرکے اپنا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا، مجتبیٰ خامنہ ای

تہران: ایرانی سپریم لیڈر نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی خلاف ورزیوں نے ثابت کیا کہ ٹرمپ کے دستخط کی کوئی حیثیت نہیں اور وہ بے معنیٰ ہیں۔

ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایرانی قوم نے شہید رہنما کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے نئی تاریخ رقم کی ہے جب کہ عوام کی جانب سے شہید رہنما کو الوداع کہنا قومی عزم، اتحاد اور یکجہتی کی روشن مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران بھر میں منعقد ہونے والی تقریبات میں عوام کی غیر معمولی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ قوم ہر مشکل گھڑی میں متحد ہوکر اپنے قومی مفادات کا دفاع کرنا جانتی ہے۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے امریکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن نے مفاہمتی یادداشت کی بار بار خلاف ورزی کی اور اپنے اقدامات سے یہ ثابت کردیا کہ ٹرمپ کے دستخط بے معنیٰ ہیں اور ان پر کوئی اعتبار نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے مسلسل معاہدے کی خلاف ورزیاں کرکے اپنا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جب کہ بالادستی قائم رکھنے اور جارحیت کا مظاہرہ کرنا امریکی پالیسی کا مستقل حصہ رہا ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر نے اس موقع پر قومی اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ مرحلے میں قومی یکجہتی کو برقرار رکھنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ سیاسی اختلافات اور سماجی تقسیم کو ہوا دینے سے گریز کیا جائے تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا متحد ہوکر مقابلہ کیا جاسکے۔

متعلقہ خبریں