Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چین اور روس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایران کو ہتھیار نہیں دیں گے، صدر ٹرمپ

روس کا ایران کو اسلحہ فراہم کرنا خود روس کے مفاد میں نہیں ہوگا، امریکی صدر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ چین اور روس نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ایران کو کسی قسم کے ہتھیار فراہم نہیں کریں گے۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر کسی ملک نے ایران کو اسلحہ دیا تو یہ اس کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگا۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ نے بیجنگ ملاقات کے دوران واضح طور پر کہا کہ چین کسی صورت ایران کو اسلحہ فراہم نہیں کرے گا۔

ٹرمپ کے مطابق چینی کمپنیاں بھی ایران کو ہتھیار فروخت نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور چین کے تعلقات کی وجہ سے وہ چینی صدر کے وعدے پر یقین کرتے ہیں۔

امریکی صدر نے مزید دعویٰ کیا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی ایران کو ہتھیار نہ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روس کا ایران کو اسلحہ فراہم کرنا خود روس کے مفاد میں نہیں ہوگا۔

ٹرمپ نے کہا کہ ان کی رائے میں چین اور روس ایران کو ہتھیار فراہم نہیں کر رہے، تاہم اگر کسی نے ایسا کیا تو اسے اس کے نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

امریکی صدر نے یوکرین کے حوالے سے بھی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا براہ راست یوکرین کو نہیں بلکہ نیٹو ممالک کو اسلحہ فروخت کرتا ہے، جبکہ نیٹو ممالک یہ ہتھیار مکمل قیمت ادا کرکے خریدتے ہیں۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ نیٹو ممالک خریدے گئے ہتھیاروں کو کس طرح تقسیم کرتے ہیں اس بارے میں انہیں مکمل معلومات نہیں ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے حوالے سے عالمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور ہتھیاروں کی فراہمی کے معاملات پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں