Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لندن کا نواحی علاقہ زور دار دھماکے سے گونچ اٹھا، میلوں دور گھروں کی کھڑکیاں لرز گئیں

آواز اتنی شدید تھی کہ کھڑکیاں بجنے لگیں اور گھروں میں زلزلے جیسا احساس ہوا

برطانیہ کے علاقے ایسیکس میں ایک بڑے صنعتی یونٹ میں زوردار دھماکے کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا، جس کے نتیجے میں آسمان پر آگ کے شعلے بلند ہوگئے جبکہ میلوں دور تک رہائشی علاقوں میں لوگوں نے دھماکے کی شدت محسوس کی۔

مقامی میڈیا کے مطابق ایسیکس اور مشرقی لندن کے مختلف علاقوں میں رہنے والے افراد نے ایک زوردار آواز سننے کی اطلاع دی۔ بعض شہریوں کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد ان کے گھروں کی کھڑکیاں لرز اٹھیں اور عمارتیں ہلنے لگیں۔

رپورٹس کے مطابق دھماکا ہائی فیلڈز فارم ہاؤس کے قریب ایک بڑے صنعتی یونٹ میں لگنے والی آگ کے دوران ہوا۔ ایسیکس فائر سروس کی متعدد ٹیمیں جمعہ کی شام ساؤتھ اینڈ روڈ، ایسٹ ہیننگ فیلڈ اور ریٹینڈن کے درمیان واقع مقام پر آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

فائر حکام نے شہریوں کو متاثرہ علاقے سے دور رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قریبی علاقوں میں رہنے والے افراد احتیاطاً اپنے گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھیں۔

سوشل میڈیا پر متعدد افراد نے دھماکے کی شدت بیان کرتے ہوئے کہا کہ آواز اتنی شدید تھی کہ کھڑکیاں بجنے لگیں اور گھروں میں زلزلے جیسا احساس ہوا۔

حکام کے مطابق واقعے کی اصل وجہ اور نقصان کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں، تاہم امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں