Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جنگ سے ایران کی گیس پیداوار کو شدید دھچکا، 23 کروڑ مکعب میٹر صلاحیت متاثر

ایران روزانہ تقریباً 650 ملین مکعب میٹر گیس پیدا کرتا ہے

ایران کی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کے ساتھ جنگ کے دوران ہونے والے حملوں کے نتیجے میں ملک کی قدرتی گیس پیداوار کی صلاحیت کو بڑا نقصان پہنچا ہے، جس سے توانائی کے شعبے کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے منگل کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ جنگ کے دوران ہونے والے حملوں میں ایران کی تقریباً 230 ملین مکعب میٹر قدرتی گیس پیداوار کی صلاحیت متاثر ہوئی۔

ایران کے ایگزیکٹو نائب صدر محمد جعفر قائم پناہ نے بھی کہا کہ متاثر ہونے والی گیس کی مقدار ملک کی مجموعی روزانہ پیداوار کے مقابلے میں نمایاں ہے۔ ان کے مطابق ایران روزانہ تقریباً 650 ملین مکعب میٹر گیس پیدا کرتا ہے، تاہم متاثرہ صلاحیت کے باعث توانائی کے توازن پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تیل اور گیس کے شعبے کے کارکنوں کی کوششوں سے متاثرہ صلاحیت میں سے تقریباً 100 ملین مکعب میٹر گیس آنے والے مہینوں میں دوبارہ بحال کر دی جائے گی۔

ایرانی حکومت کی ترجمان نے پٹرول کی قیمتوں سے متعلق بھی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سبسڈی والے کوٹے کے پٹرول کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر غیر کوٹہ پٹرول کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا گیا تو اس کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

دوسری جانب ایران کے جنوبی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کی تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں۔ حکام کے مطابق حملوں میں 12 پل اور 2 سرنگیں متاثر ہوئیں، جبکہ سڑکوں کو عارضی راستوں کے ذریعے بحال کیا گیا ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق حملوں سے بعض ہوائی اڈوں، سمندری تنصیبات اور مواصلاتی مراکز کو بھی نقصان پہنچا، جن میں ایران شہر، سمنان اور بندر عباس کے ایئرپورٹس جبکہ چابہار کا میرین کنٹرول ٹاور شامل ہیں۔

ایران کا کہنا ہے کہ جنگ کے بعد توانائی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں بحالی کا عمل جاری ہے، جبکہ متاثرہ تنصیبات کو مرحلہ وار دوبارہ فعال کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں