امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں اہم پیش رفت سامنے آگئی امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے ایران کے ساتھ معاہدہ اگلے ایک سے دو روز میں طے پا سکتا ہے۔
امریکی ٹی وی چینل سی این بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے اور امکان ہے کہ آج یا کل کوئی معاہدہ ہو جائے جس کے نتیجے میں آبنائے ہرمز دوبارہ کھولی جا سکے گی اور خطے میں صورتحال معمول پر آنے کی جانب بڑھ سکتی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان بات چیت جاری ہے جس کا مقصد موجودہ تنازع میں کشیدگی کم کرنا اور معاملات کو معمول کی طرف لانا ہے۔
آبنائے ہرمز عالمی تجارت کے لیے انتہائی اہم سمندری راستہ ہے، جہاں سے دنیا کی بڑی مقدار میں تیل کی ترسیل ہوتی ہے۔ اس راستے کی بندش یا کشیدگی کے باعث عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں پر براہِ راست اثر پڑتا ہے۔



















