پاکستان اور چین کی دن بدن مضبوط ہوتی شراکت داری نے جنوبی ایشیا میں بھارت کے بالادستی کے خواب کو چکنا چور کر دیا۔
عالمی میڈیا ڈی ڈبلیو کی رپورٹ کے مطابق چین کی بڑھتی علاقائی موجودگی نے بھارت کے جنوبی ایشیا میں دہائیوں سے قائم اثرورسوخ کی کوشش کو چیلنج کردیا ہے، بنگلادیش کا چین سے دریائی منصوبے پر تعاون مانگنا بھارت کیلئے سلی گڑی کوریڈور کے قریب تشویش بن گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چین نے پاکستان سے سری لنکا تک بندرگاہوں کی تعمیر سے جنوبی ایشیا میں اپنا معاشی اور اسٹریٹیجک اثر بڑھایا۔ بھارت کے مطابق جنوبی ایشیا میں چینی منصوبوں کا بڑھتا نیٹ ورک مستقبل میں اس کی سلامتی کیلئے چیلنج بن سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چین پاکستان فوجی شراکت داری جنگی طیاروں، آبدوزوں، ڈرونز، سیٹلائٹس اور فضائی دفاعی نظام تک وسیع ہوچکی ہے، مئی 2025 کے پاک بھارت تنازع نے چین پاکستان فوجی تعاون کی بڑھتی صلاحیت دنیا کے سامنے واضح کردی۔
عالمی میڈیا ڈی ڈبلیو نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا کہ چین کی معاشی طاقت اوروسیع سرمایہ کاری نے جنوبی ایشیا میں بھارت کی علاقائی برتری کے خواب کو چکنا چور کردیا ہے، سی پیک کے ذریعے مغربی چین کو گوادر بندرگاہ کے راستے بحیرہ عرب سے جوڑ دیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق مودی حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کے باعث خطے میں چین مضبوط جبکہ بھارت اسٹریٹیجک طور پر کمزور اور سفارتی سطح پر تنہا ہوا ہے، چین کے ساتھ مضبوط شراکت داری اور سی پیک نے پاکستان کو جنوبی ایشیا میں مرکزی اسٹریٹیجک اور معاشی طاقت بنادیا ہے۔
















