Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹرمپ کا ایران کے خلاف اقتصادی کارروائی کا اعلان؛ حمایت کرنے والے ممالک کو بھی دھمکی

ایران کو مالی یا تجارتی سہولت فراہم کرنے والے ممالک کو بھی امریکی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف سخت ترین اقتصادی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ تہران کو مالی یا تجارتی سہولت فراہم کرنے والے ممالک اور اداروں کو بھی امریکی پابندیوں اور معاشی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو معاہدے کی پیشکش کا اس سے بہتر موقع کبھی نہیں دیا گیا تاہم ایرانی قیادت نے اسے قبول نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اب ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر اقتصادی دباؤ بڑھانے جارہا ہے جس کا مقصد اسے عالمی سطح پر مزید تنہا کرنا ہے۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بحری اور فضائی صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ اس کی فوجی تنصیبات بھی متاثر ہوئی ہیں۔ ایران کو مالی یا تجارتی مدد فراہم کرنے والے ممالک یا اداروں کو بھی ممکنہ امریکی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے تیل کی مبینہ اسمگلنگ، مالیاتی لین دین، نقد رقم کی منتقلی، ایکسچینج ہاؤسز، بحری جہازوں کی رجسٹریشن اور فرنٹ کمپنیوں کے خلاف کارروائی پر زور دیتے ہوئے اس مہم کو ’’اقتصادی ڈی ڈے‘‘ قرار دیا۔

انہوں نے امریکی اتحادیوں سے بھی مطالبہ کیا کہ ایران کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوششوں میں امریکا کا ساتھ دیں۔ ان اقدامات کا مقصد ایران کی طاقت کے استعمال اور دہشت گردی کی مبینہ معاونت کی صلاحیت کو محدود کرنا ہے، ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

متعلقہ خبریں