Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مشرق وسطیٰ میں امریکی طیارہ بردار جہاز ابراہم لنکن کی جگہ جارج واشنگٹن نے لے لی

ابراہم لنکن پر تقریباً 5 ہزار امریکی سیلرز موجود تھے

امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جارج واشنگٹن نے مشرق وسطیٰ میں پوزیشن سنبھال لی جس کے بعد خطے میں امریکی بحری موجودگی برقرار رکھنے کا سلسلہ جاری ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے جارج واشنگٹن کی خطے میں تعیناتی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جدید طیارہ بردار بحری بیڑے نے یو ایس ایس ابراہم لنکن کی جگہ سنبھالی ہے، جو گزشتہ 9 ماہ سے مشرق وسطیٰ میں موجود تھا۔

ایران کے ساتھ جنگ کے دوران خطے میں تعینات رہنے والے ابراہم لنکن پر تقریباً 5 ہزار امریکی سیلرز موجود تھے۔

رپورٹس کے مطابق ابراہم لنکن پر طویل تعیناتی کے دوران عملے کو ذہنی دباؤ اور بعض بنیادی سہولیات کی کمی جیسے مسائل کا سامنا بھی رہا۔ غیر ملکی میڈیا نے حال ہی میں جہاز پر اہلکاروں کی ذہنی صحت سے متعلق مشکلات اور سہولیات کی قلت کی نشاندہی کی تھی۔

ان حالات کے پیش نظر امریکی حکام نے ابراہم لنکن کی جگہ جارج واشنگٹن کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے مؤقف سے ہٹ کر سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے بھی اعتراف کیا تھا کہ ابراہم لنکن پر تعینات اہلکاروں کو ایک مشکل صورتحال کا سامنا رہا، تاہم ان کے مطابق بعد ازاں ان مسائل پر قابو پا لیا گیا۔

جارج واشنگٹن کی تعیناتی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی موجودگی اور خطے کی سکیورٹی صورتحال مسلسل عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

متعلقہ خبریں