پمز اسپتال میں نومولود بچوں کی ہلاکت کے المناک واقعے پر اقوام متحدہ، سعودی عرب اور ایران نے پاکستان سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں پمز اسپتال کی نرسری میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر تعزیت کا اظہار کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ نومولود بچوں کی ہلاکت پر سعودی حکومت اور عوام کو دلی صدمہ پہنچا ہے۔ سعودی عرب اس مشکل گھڑی میں حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے پاکستان اور اس کے برادر عوام کے لیے امن و سلامتی کی دعا کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
دوسری جانب ترجمان اقوام متحدہ نے بھی سانحہ پمزکو المناک واقعہ قرار دیتے ہوئے جاں بحق بچوں کے والدین اور اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
ایران نے بھی سانحہ پمز پر افسوس کا اظہار کیا اورمتاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، تینوں ممالک نے اس افسوسناک سانحے پر متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں شریک ہونے کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کی صبح اسلام آباد کے پمز اسپتال کے گائنی وارڈ کی نرسری میں آتشزدگی کے باعث 14 نومولود بچے جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے۔



















