Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران سے لین دین کرنے والوں کی خیر نہیں، امریکا کی سخت پابندیوں کی دھمکی

متحدہ عرب امارات پہلے ہی ایران کے ساتھ اپنا تمام کاروبار معطل کرچکا ہے، امریکی وزیر خزانہ

امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ایران کے خلاف مزید سخت اقتصادی پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایران کے ساتھ لین دین یا تعاون کرنے والے ممالک اور کمپنیوں کو براہ راست امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

پریس کانفرنس میں اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ ایران پر تاریخ کی سخت ترین اقتصادی پابندیاں عائد کی جارہی ہیں، جبکہ ایران کو معاشی سہارا دینے والوں کو بھی نتائج بھگتنا ہوں گے۔

امریکی وزیر خزانہ کے مطابق ایران کو ترسیلات زر کی بعض ادائیگیوں کے لیے دیے گئے لائسنس منسوخ کردیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی پابندیوں کا مقصد ایرانی معیشت کی ان تمام مالی شریانوں کو کاٹنا ہے جو موجودہ حکومت کو سہارا دے رہی ہیں۔

اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ اقتصادی پابندیاں ایک مضبوط ہتھیار ہیں اور امریکا انہیں استعمال کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ جو ممالک امریکی توقعات پر پورا نہیں اترنا چاہتے انہیں ڈالر کے نظام سے باہر نکلنا ہوگا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ جو ملک یا کمپنی ایران کے ساتھ مالی یا تجارتی لین دین کرے گی، اسے براہ راست امریکی پابندیوں کا سامنا ہوگا، جبکہ ایران کو مالی سہارا دینے والے ممالک عالمی تنہائی کا شکار ہوسکتے ہیں۔

امریکی وزیر خزانہ نے دعویٰ کیا کہ متحدہ عرب امارات پہلے ہی ایران کے ساتھ اپنا تمام کاروبار معطل کرچکا ہے۔

اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق نئی اقتصادی پابندیوں کے بعد ایرانی نظام پر شدید مالی دباؤ بڑھے گا اور حکومت کے لیے معاشی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔

متعلقہ خبریں