Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شہر قائد میں آٹے کا بحران شدت اختیار کر گیا، قیمت میں غیر معمولی اضافہ

بروقت گندم درآمد کرنے کا فیصلہ نہ کیا تو صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے بعد شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ فائن اور ڈھائی نمبر آٹے کی قیمتوں میں 13 روپے فی کلو تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین جنید عزیز کے مطابق گزشتہ 15 دنوں میں گندم کی قیمت دو بار بڑھنے کے باعث آٹے کی قیمتوں پر براہِ راست اثر پڑا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈھائی نمبر آٹا 119 روپے سے بڑھ کر 132 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے جبکہ فائن آٹے کی قیمت 140 روپے فی کلو سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق گندم کی فی کلو قیمت بھی 106 روپے سے بڑھ کر 118 روپے تک جا پہنچی ہے جس کے باعث آٹے کی سپلائی چین پر دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔

فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق اگر حکومت نے بروقت گندم درآمد کرنے کا فیصلہ نہ کیا تو صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تاخیر کی صورت میں فائدہ ذخیرہ اندوزوں کو پہنچے گا، جبکہ فوری امپورٹ سے عوام کو ریلیف مل سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق ملک میں سالانہ ضرورت پوری کرنے کے لیے کم از کم 3 سے 4 ملین ٹن گندم درآمد کرنا ناگزیر ہو سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر طلب اور رسد میں توازن نہ رکھا گیا تو قیمتیں مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

کراچی میں صرف موسمِ گرما کے دوران ماہانہ 20 سے 22 لاکھ بوری آٹے کی کھپت ہوتی ہے جبکہ سردیوں میں یہ استعمال بڑھ کر 26 لاکھ بوری تک پہنچ جاتا ہے، جو صورتحال کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔