گھر ہو یا باہر مچھروں کی موجودگی میں بیٹھنا محال ہوجاتا ہے دوسری جانب یہ چھوٹا سا جانور ملیریا اور ڈینگی سمیت کئی امراض کا سبب بھی بنتا ہے تاہم اب مسئلے کے حل کے لیے ایک نئی ہائی ٹیک مشین تیار کی گئی ہے جو مچھروں کو تلاش کرکے لیزر سے مار سکتی ہے۔
اس مشین کو فوٹون میٹریکس نامی کمپنی نے تیار کیا اور اب یہ پری آرڈر کے لیے دستیاب ہے۔
یہ مشین خاص طور پر گھر کے صحن، کیمپنگ، بیرونی تقریبات اور آؤٹ ڈور کھانے کے دوران استعمال کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔
ڈیوائس میں لی ڈار ، ملی میٹر ویو ریڈار،اے آئی ویژن اور پریسیژن لیزر جیسی جدید ٹیکنالوجیز استعمال کی گئی ہیں۔ یہ نظام اردگرد موجود اڑنے والے کیڑوں کی نقل و حرکت کا جائزہ لیتا ہے اور مچھر کی شناخت کے بعد اسے نیلی لیزر شعاع سے نشانہ بناتا ہے۔
اے آئی کیمرہ مچھر اور دوسرے اڑنے والے کیڑوں میں فرق کرنے میں مدد کرتا ہے پھر ایک نیلا لیزر مچھر کو نشانہ بنا کر ختم کرنے کی کوشش کرتا ہے یہ تقریباً 6 میٹر (20 فٹ) تک کے علاقے میں مچھروں کو تلاش کر سکتی ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ تقریباً 2 ملی میٹر جتنے چھوٹے کیڑوں کو بھی پہچان سکتی ہے بشرطیکہ وہ مناسب رفتار سے اڑ رہے ہوں۔
اس مشین کے ساتھ ایک موبائل ایپ بھی ہے اس میں آپ نہ صرف نہ صرف مچھروں کی موجودگی بلکہ کتنے مچھر مارے گئے ہیں دیکھ سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ آپ اس ایپ کے ذریعے مشین کی کارکردگی کا ڈیٹا دیکھ سکتے ہیں لیزر کے اسکین کرنے کا علاقہ اور زاویہ تبدیل کر سکتے ہیں جبکہ مشین کو مخصوص اوقات میں خودکار طور پر آن یا آف کر سکتے ہیں۔
جہاں تک اس کی بیٹری کی بات ہے اس میں 20,000 ایم اے ایچ کی بیٹری نصب ہے جو بجلی کے ساکٹ سے الگ کرنے پر تقریباً 4 گھنٹے مسلسل ڈیوائس کو چلا سکتی ہے۔
خیال رہے کہ آؤٹ ڈور ماڈل کے ساتھ ایک ایسا بیس موجود ہے جو مشین کو 360 ڈگری گھما سکتا ہے تاکہ زیادہ علاقے میں مچھروں کو تلاش کیا جا سکے۔
کیا یہ انسانوں کے لیے خطرناک ہے؟
کمپنی کے مطابق آؤٹ ڈور ماڈل میں نیلا لیزر استعمال کیا جاتا ہے جو واضح دکھائی بھی دیتا ہے گھر کے اندر استعمال کے لیے ایک الگ ماڈل ہے جس میں انفراریڈ سینسر اور آنکھ سے نظر نہ آنے والا لیزر استعمال کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ دونوں ماڈلز تقریباً بے آواز ہیں حتیٰ کہ سرگوشی سے بھی کم آواز پیدا کرتے ہیں۔
یہ ٹیکنالوجی دلچسپ ضرور ہے لیکن مضمون کے مطابق ابھی مشین کی آزادانہ طور پر عملی کارکردگی کی جانچ نہیں کی گئی ہے یعنی یہ دیکھنا ابھی باقی ہے کہ حقیقی ماحول میں یہ کتنی مؤثر طریقے سے مچھروں کو تلاش اور ختم کرتی ہے۔




















